بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہو کر نمائندگی کاحق ادا کروں گا : شاہنواز ملک 

Jul 26, 2021

اٹک(نامہ نگار) اپنی گذشتہ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں کامیابی کا یقین ہے۔ عوام کی خدمت میں کبھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ۔ عوام نے بھی 4دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک خدمت کا موقع دیا جو میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیدوار برائے کونسلروارڈ نمبر 1و سابق وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ شاہنواز ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے سیاست سے وابستہ ہوں اور عوام کی بلا تفریق خدمت کر رہا ہوں۔ میرے حلقے میں سادات برادری کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے جو اس بات کی گواہ ہے کہ میں نے ہمیشہ تعصب سے بالاتر ہو کر حلقے کے عوام کی خدمت کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حلقے کے عوام نے ہمیشہ مجھ پر اعتماد کیا ہے اور بھاری اکثریت سے منتخب کیا ہے۔ شاہنواز ملک نے کہا کہ بطور کونسلر اور وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرتے ہوئے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے عوام مجھے محبتوں سے نوازتے رہے ہیں۔ اس محبت کا تقاضہ ہے کہ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ ان شاء اللہ ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے منتخب ہو کر عوامی نمائندگی کاحق ادا کروں گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فرنٹ لائن پر موجود رہ کر کارکردگی پیش کروں گا۔ 

مزیدخبریں