پاک فوج نے 46افغان فوجیوں کو پناہ، محفوظ راستہ دے دیا:آئی ایس پی آر

Jul 26, 2021 | 12:51

ویب ڈیسک

راولپنڈی: پاک فوج نے افغان نیشنل آرمی کے مقامی کمانڈر کی درخواست پر احسن اقدام اٹھاتے ہوئے 46 افغان فوجیوں کو پناہ اور محفوظ راستہ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ پاکستان نے 46 افغان فوجیوں کو پناہ اور محفوظ راستہ فراہم کیا۔ افغان نیشنل آرمی اور پولیس کے 46اہلکاروں کو تحفظ فراہم کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے بیان کے مطابق پاکستان نے جن 46 اہلکاروں کو تحفظ فراہم کیا۔ ان میں 5 افسران بھی شامل ہیں۔ افغانستان میں کشیدہ صورتحال کے باعث افغان فوجی اپنی چوکیوں کا دفاع نہیں کرسکے۔ڈی جی، آئی ایس پی آر، میجر جنرل بابر افتخار کے بیان کے مطابق افغان فوجی رات ارندو سیکٹر سے چترال پہنچے۔ پاک فوج کی طرف سے افغان فوجیوں کو کھانا، چھت اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان فوجیوں کو جلد باوقار انداز میں ان کے وطن افغانستان واپس روانہ کردیا جائے گا۔ پاکستان نے یکم جولائی کو بھی 35افغان فوجیوں کو اسی طرح تحفظ فراہم کیا تھا۔ 
خیال رہے کہ اِس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج پر تنقید کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ہم شہادتیں دیتے ہیں اور آپ فوج مخالف نعرے لگاتے ہیں۔قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے قبائلی علاقوں میں موجود فوج پر تنقید کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ آپ مجھ سے علیحدگی میں بھی مل چکے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ آپ کی بات سنی ہے۔

مزیدخبریں