آزاد کشمیر انتخابات، پی ٹی آئی سادہ اکثریت حاصل کرکے نئی حکومت بنانے کیلئے تیار

مظفر آباد: پاکستان تحریکِ انصاف آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آزاد کشمیر میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر بلاتعطل شام 5بجے تک جاری رہی۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے 25 نشستیں جیت لی ہیں۔
پیپلز پارٹی 8نشستوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر ایل اے 33 مظفر آباد میں پی ٹی آئی امیدوار سے شکست کھا گئے۔ 
قبل ازیں آزاد کشمیر میں انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آئے، ایل اے 15، باغ 2 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔
باغ 2، ایل اے 15 میں قائم تمام 185 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج جاری کردئیے گئے۔ پی ٹی آئی کے تنویر الیاس 19 ہزار 825 ووٹ لے کر جیت گئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیاء قمر 14 ہزار 558 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ایل اے 32، مظفر آباد 6کے بھی تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے۔
حلقہ ایل اے 8، کوٹلی 1میں پی ٹی آئی کے ظفر اقبال ملک 18 ہزار 321 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے ملک محمد نواز نے 11 ہزار 900 ووٹ لیے۔

ای پیپر دی نیشن