سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل  میں گرفتار ملزم ظاہر ذاکر جعفر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو دن کی توسیع

Jul 26, 2021 | 17:01

وقائع نگار

 اسلا م آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل  میں گرفتار ملزم ظاہر ذاکر جعفر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو دن کی توسیع کردی ہے۔پیر کے روز دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی تکمیل کے بعد ملزم کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا اور دلائل سننے کے بعد ڈیوٹی جج  مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے ظاہر ذاکر جعفر کے ریمانڈ میں مزید دو دن کی توسیع دے دی اور ہدایت دی کہ ملزم کو 28 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ملزم ظاہر ذاکر جعفر کو سخت سیکیورٹی میں عدالت کے احاطے میں لایا گیا اور اس دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث کمرہ عدالت میں اندھیرا چھایارہا۔موبائل کی روشنی میں ہونے والی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ مقتولہ نور مقدم کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے جبکہ اس کے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف اقدام قتل کے ساتھ ساتھ پاکستان پینل کوڈ کی سیکشن سیکشن 109، 176، 201، 511 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ساجد چیمہ نے عدالت کو  بتایا کہ قتل کے واقعہ سے جوڑے دیگر 4 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔سماعت کے دوران ملزم  نے کمرہ عدالت میں چیخنا شروع کردیا کہ مجھے کچھ سنائی نہیں دے رہا۔جس پر عدالت نے ملزم کو کمرہ عدالت کے اندر آنے کی ہدایت کردی۔ملزم کے وکیل انصر نواز مرزا نے عدالت سے کہا کہ تفتیشی افسر نے 7 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ہے، ظاہر ذاکر جعفر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں اپنے دلائل میں کہا کہ پولیس پہلے ہی 5 دن کا ریمانڈ حاصل کرچکی ہے جبکہ مقدمہ میں مقتول اور ملزم دونوں کے موبائل فون نمبرز موجود ہیں۔بعدازاں عدالت نے سابق پاکستانی سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل مشتبہ ملزم ظاہر ذاکر جعفر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو دن کی توسیع کی منظوری دے دی۔

مزیدخبریں