پاکستان کے معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی تلاش کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی مل گیا، نیپالی شرپاز کی گروپ نے بوتل نیک سے 300 میٹر نیچے دو لاشوں کو دیکھا ہے، علی سدپارہ اور ان کے دوغیرملکی ساتھی سردیوں میں کے ٹو پر مہم جوئی کے دوران بوٹل نیک سے لاپتہ ہوگئے تھے۔
The body of legendary Pakistani mountaineer Muhammad Ali Sadpara seems to have found just below bottleneck, according to the sources at Base Camp. #K22021
— Everest Today (@EverestToday) July 26, 2021
واضح رہے کہ رواں سال فروری کے دوران کے ٹو پر موسم کی خرابی کے باعث محمدعلی سدپارہ سمیت 2 کوہ پیما لاپتہ ہوگئے تھے۔ اس دوران پاکستان آرمی کی جانب سے متعدد کوششیں کی گئیں، آرمی کے دو ہیلی کاپٹرز نے 7ہزار میٹر بلندی تک پرواز کی تھیں، تاہم سخت سرد موسم کے باعث لاش نہیں مل سکی تھی جس کے بعد گلگت حکومت کے وزیر راجہ ناصر علی خان نے کہا تھا کہ محمد علی سدپارہ اور دیگر کوہ پیما دنیا میں نہیں رہے، حکومت، فوج اور لواحقین سب اس رائے پر متفق ہیں۔
Sources at Base Camp confirm the finding of the dead body of Muhammad Ali Sadpara. #K22021
— Everest Today (@EverestToday) July 26, 2021
گلگت بلتستان حکومت کے وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ علی سدپارہ اور ساجد سدپارہ کو سول اعزازت سے نوازا جائے گا، وفاقی حکومت کو سکردو ائیر پورٹ کو علی سدپارہ سے منسوب کرنے کی تجویز پیش کی ہے، علی سدپارہ کے نام سے کوہ پیمائی کے لئے سکول قائم کیا جائے گا۔راجہ ناصر علی کا کہنا تھا کہ حکومت قومی ہیرو علی سدپارہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، حکومت علی سدپارہ کی فیملی کی مالی و اخلاقی معاونت کرے گی، قومی ہیرو کے بچوں کو تعلیمی سکالرز شپ دی جائے گی، حادثات کا شکار ہونے والے کوہ پیماؤں کے خاندانوں کی کفالت کے لئے باقاعدہ قانون بنایا جائے گا۔اس موقع پر ساجد سدپارہ کا کہنا تھا کہ علی سدپارہ کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہوئے، کے ٹو سر کرنے کے بعد واپسی پر حادثہ پیش آیا، کے ٹو نے انہیں ہمیشہ کیلئے اپنی آغوش میں لے لیا، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں تمام دستیاب وسائل استعمال کیے گئے، میرا خاندان شفیق باپ سے محروم ہوا۔
ساجد سدپارہ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم محب وطن قومی ہیرو سے محروم ہوئی، دنیا بہادر اور باصلاحیت مہم جو سے محروم ہوئی، والد کے مشن کو جاری رکھوں گا، والد کے ادھورے خواب پورے کروں گا۔
خیال رہے لاپتہ پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیما سردیوں میں بغیر آکسیجن کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ نامور پاکستانی کوہ پیما محمد علی سد پارہ، آئس لینڈ کے جان سنوری اور چلی کے جان پابلو انتہائی بلندی پر پہنچنے کے بعد واپس نہیں پہنچ سکے۔
علی سدپارہ سمیت دیگر کوہ پیماؤں کا کیمپ سے رابطہ منقطع ہوا، ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوہ پیما ٹیم کی تلاش کی گئی لیکن خراب موسم اور تیز ہواؤں کے باعث ریسکیو آپریشن کامیاب نہ ہو سکا۔ مہم جوئی میں علی سدپارہ کے ساتھ ان کے بیٹے ساجد سد پارہ بھی موجود تھے جو آکسیجن ریگولیٹر خراب ہونے پر بحفاظت کیمپ ون میں پہنچ گئے تھے۔
محمد علی سد پارہ نے 2016ء میں سردیوں کی مہم جوئی کے دوران پہلی بار نانگا پربت کو سر کیا تھا۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انھوں نے آٹھ ہزار میٹر کی آٹھ چوٹیاں فتح کرنے کے علاوہ ایک سال کے دوران آٹھ ہزار میٹر کی چار چوٹیاں سر کی ہیں۔