وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بدترین شکست پر مسلم لیگ(ن) کو مریم نواز اور پیپلز پارٹی کو بلاول بھٹو زرداری سے استعفی طلب کرنا چاہیے۔فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے انتخابات میں تاریخی کامیابی پر اپنے ہمراہ موجود علی امین گنڈاپور کو بہترین مہم چلانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس کامیابی کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس قسم کی کامیابی ملی ہے اس سے دھاندلی وغیرہ کا بیانیہ تو اپنی موت آپ مر جاتا ہے کیونکہ اتنی بڑی کامیابی میں دھاندلی ممکن نہیں ہوتی، یہ کامیابی اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب آپ حقیقی معنوں میں عوام میں مقبول ہوں۔انہوں نے کہا کہ ووٹنگ ٹرن آوٹ 56 فیصد سے زائد رہا اور جب اتنی بڑی تعداد میں لوگ ووٹ ڈال رہے ہوں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کو انتخابی عمل کے ساتھ ساتھ جس کو وہ ووٹ دے رہے ہیں اس پر بھی اعتماد ہے۔وزیر اطلاعات نے آزاد کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی سے آزاد کشمیر کے لوگوں نے مقبوضہ کشمیر کی تحریک کو جلا بخشی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان نتائج کے بعد اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) میں پارٹی کی ہلکی سی رمق بھی باقی بچی ہے تو وہ بلاول سے بحیثیت چیئرمین اور مریم نواز سے بطور نائب صدر استعفی لے لیں جبکہ اگر ان دونوں میں خود بھی سیاسی طور پر کوئی شرم ہے تو انہیں اپنے عہدوں سے استعفی دے دینا چاہیے اور اتنی بڑی شکست کی ذمے داری قبول کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن)کے دونوں رہنما اپنی سیاست کو پرکھ کر گریبان میں جھانکیں اور نئی قیادت کو ابھرنے کا موقع دیں، یہ ملک اسی وقت آگے بڑھے گا جب اس ملک کی سیاسی جماعتیں اسے ادارے کے طور پر چلائیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران خصوصا مسلم لیگ(ن)کے کیمپ سے ہندوستان کی مدد کے حوالے سے گفتگو ہوئی وہ باعث شرم ہے، مریم نواز نے فوج اور پاکستان کے بیانیے کے خلاف جس طرح سے مہم چلائی اس کا نتہجہ ہے کہ آج وہاں کی سابقہ حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور کبھی کسی حکمران جماعت نے آزاد کشمیر میں اتنی بری شکست نہیں کھائی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے مریم نواز کے بیانیے کو بری طرح مسترد کردیا ہے اور انہیں ان انتخابات میں پیپلز پارٹی سے بھی کم نشستیں ملنے کی ایک وجہ نواز شریف کی الیکشن سے ایک دن قبل حمداللہ موہب سے ملاقات ہے، حمداللہ موہب جیسے پاکستان دشمن اور را کے ایجنٹس سے ملاقات کا جواب نواز شریف کو الیکشن میں شکست کی صورت میں ملا ہے۔
آزاد کشمیر میں بدترین شکست پر بلاول اور مریم سے استعفی لے لینا چاہیے۔ فواد چوہدری
Jul 26, 2021 | 22:30