لاہور؍ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کی آج 67 ویں سالگرہ ہے۔ ملک بھر میں کیک کاٹنے کی تقریبات ہو نگی۔ زرداری سالگرہ دبئی میں اپنے نواسے کے ساتھ منائیں گے۔ پیپلز پارٹی ترجمان کے مطابق اس پر مسرت موقع پر پیپلز پارٹی کی تنظیموں، عہدیداروں اور کارکنوں کی طرف سے آصف علی زرداری کی آئین، قانون، پارلیمنٹ اور جمہوریت کیلئے خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ پارٹی رہنماؤں عزیز اکرم چن اور فیصل میر کی طرف سے مقامی ہوٹل میں سالگرہ کی تقریب دوپہر ایک بجے ہوگی۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے شام 6 بجے لبرٹی گلبرگ میں آصف علی زرداری سے یکجہتی جشن کا اہتمام کیا ہے اور وہاں ان کی سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا۔ بختاور بھٹو زرداری نے پیغام میں کہا ہے کہ صدر آصف زرداری اگر گیارہ سال جیل سے نہیں بھاگے تو اب کیوں بھاگیں گے؟۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ہر دور حکومت میں عدالتوں کا سامنا کیا، ڈکٹیٹر کا بھی سامنا کیا لیکن آصف زرداری ملک سے بھاگے نہیں۔