کراچی (نیوز رپورٹر) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری ،ناظم ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری ،علامہ خلیل الرحما ن چشتی،علامہ سید عبد القادر شیرازی،مولانا الطاف قادری نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی نا اہلی کے سبب کراچی ایک بار پھر ڈوب گیا ۔ ایسا لگتا ہے کہ شہر قائد کا کوئی پرسان حال نہیں کراچی کی پانی میں ڈوبی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شدید بارشوں کی پیشگی اطلاعات پر ہنگامی بنیادوں پر حکومت اور انتظامی اداروں کو نکاسی آب،سیوریج سسٹم ،برساتی نالوں کی مکمل صفائی کرانی چاہئے تھی ،مؤثر پلاننگ نہ ہونے کی وجہ سے شہر کی ابتر صورتحال ہے ۔کراچی میں بارش نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔کراچی میں سیوریج نظام کی بگڑتی صورتحال پر سیاست نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر تنقید سے کبھی بھی مسئلے حل نہیں ہوں گے۔ کراچی سے منتخب ارکین اسمبلی اورممکنہ بلدیاتی امیدواران شہر کراچی میں بسنے والی عوام کی تکالیف کے ازالے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔