لاہور (نیوز رپورٹر) ملک کے محنت کشوں نے آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے زیراہتمام ملک میں روز افزوں ضروریات زندگی کی اشیاء کی کمر توڑ مہنگائی اور سماج میں غربت‘ بیروزگاری اور امیر و غریب کے مابین بے پناہ فرق میں اضافہ ہونے کے خلاف نسبت روڈ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت اور تمام پالیسی سازوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں دو ررس اقتصادی و سماجی اصلاحات کا نفاذ کرکے 22 کروڑ پاکستانیوں کو ملک میں جاگیرداری و سرمایہ پرستی کے فرسودہ نظام اور قوم کو غیرملکی قرضوں کے بھاری بوجھ اور آئی ایم ایف کی پابندیوں سے جلد از جلد نجات دلائیں۔ احتجاج میں ریلوے‘ محکمہ بجلی‘ واپڈا‘ پی ٹی سی ایل‘ ٹیکسٹائل‘ بنکوں‘ ٹرانسپورٹ‘ پی ڈبلیو ڈی اور دیگر مختلف صنعتوں کے نمائندگان و کارکنوں نے بھاری تعداد میں ملک بھر سے حصہ لیا۔ اس موقع پر بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری‘ روبینہ جمیل صدر‘ عبداللطیف نظامانی چیئرمین‘ اکبر علی خان‘ حاجی محمد رمضان اچکزئی سینئر نائب صدر‘ چودھری محمد انور‘ اسامہ طارق‘ خوشی محمد کھوکھر‘ چودھری محمد انور‘ نیاز خان‘ صلاح الدین ایوبی‘ حسن منیر بھٹی‘ زاہدہ اختر‘ یاسمین و دیگر مزدور نمائندگان نے بھی خطاب کیا۔