لاہور ( نیوز رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر21لاکھ70ہزار سے زائد مریضوں کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈائریکٹر او پی ڈی ڈاکٹر آصف جاوید، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رمضان بی بی، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسز میمونہ ستار، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جنہوں نے اس سالانہ رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹرز سے کہا کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کا علا ج معالجہ،دیکھ بھال اور صحتیابی کیلئے اقدامات ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ ہسپتال اور طب کی دنیا میں مریض ہی سب سے اہم ہوتا ہے اور پورا نظام اس کی صحت یابی کے گرد گھومتا ہے۔ لہٰذا ہر پل مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں اوربہترین دیکھ بھال و خوش اخلاقی سے پیش آ کر نیکیاں سمیٹیں۔
صحتیابی کیلئے اقدامات اولین ترجیح ہونی چاہیے :پروفیسر الفرید ظفر
Jul 26, 2022