راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) سرائیکی ادبی اکیڈمی کی طرف سے راولپنڈی آرٹس کونسل کے تعاون سے سرائیکی کے معروف شاعر منظور سیال کے دوسرے شعری مجموعہ کلام " سیئت" کی تقریب رونمائی پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت معروف اسکالر و ورلڈ سرائیکی کانگریس کے چیرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کی اور اس کے مہمان خصوصی ممتاز شاعر و دانشور ڈاکٹر فرحت عباس جبکہ مہمانان اعزاز بابا مسعود الدین گنج شکر کی چیئر پرسن راشدہ نبیل، پروفیسر خورشید احمد سعیدی، نیئر سرحدی، فدا شیرازی اور طاہر فاروق بلوچ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز سکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی چیئرمین ورلڈ سرائیکی کانگرس نے کہا ہے کہ سرائیکی زبان، ادب اور ثقافت کی ترقی اور ترویج کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی زبان و ادب ملک کا عظیم ثقافتی سرمایہ ہے لیکن اسے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
تقریب کے مہمانان خصوصی ڈاکٹر فرحت عباس نے کہا کہ سرائیکی ادب کو قدرت نے بہت مالا مال کیا ہے، منظور سیال نے سرائیکی شاعری کو ایک منفرد ذائقے اور حیران کر دینے والے لینڈ سکیپ سے متعارف کروایا۔