کوٹ عبدالمالک: اراضی تنازعہ پر نجی سوسائٹی آفس میں فائرنگ، 4افراد قتل، 3زخمی

Jul 26, 2023

فیروز والا‘ لاہور، شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگاران خصوصی+نامہ نگاران) لاہور روڈ کی آبادی گلفشاں ٹاؤن (کوٹ عبدالمالک) کے قریب مسلح افراد نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے آفس میں داخل ہو کر اندھا دھند افائرنگ کر کے  دو سکیورٹی گارڈ سرفراز احمد، مہر علی سمیت چار افراد  سعید اور ڈرائیور لطیف کو ہلاک کر دیا جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ ملزم فرار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسر موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ آر پی او شیخوپورہ ریجن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ ہدایت کی ملزموں کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ بتایا گیا ہے کہ نجی سوسائٹی کا مالک میاں رفاقت علی اپنے ساتھیوں عثمان علی وغیرہ کے ہمراہ آفس میں موجود تھے کہ اس دوران کاروں پر سوار مسلح افراد آئے جنہوں نے شدید فائرنگ کی۔ زد میں آکر  سرفراز احمد، مہر علی، سعید احمد اور محمد  لطیف موقع پر ہلاک جبکہ فیصل، وقاص، مقصود احمد زخمی  ہو گئے جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ میاں رفاقت محفوظ رہے۔ فیکٹری ایریا پولیس نے نعشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھجوا دیں۔ پولیس مصروف کارروائی ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق ملزمان اور سوسائٹی کے مالکان کے درمیان اراضی کا تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس  ان پہلوؤں کی روشنی میں تحقیقات کر رہی ہے۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے اور ملزموں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ سپروائزری افسران مقتولین کے لواحقین سے قریبی رابطہ رکھیں اور انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ نامعلوم کار سواروں نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مین گیٹ پر سکیورٹی پر فائرنگ کرنے کے بعد پراپرٹی دفتر میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی جس سے پاکپتن کا رہائشی سکیورٹی گارڈ سرفراز لاہور کے رہائشی محمد لطیف موٹروے سٹی کا رہائشی مہر علی جاں بحق ہو گیا۔تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے 7 افراد سہیل ورک، یوسف، فاروق، سلیمان عرف گڈو سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس مدعی مقدمہ شفاقت علی کے مطابق ملزموں اور سوسائٹی کے مالک میاں رفاقت  کے درمیان سابق مقدمہ بازی چل رہی تھی اس رنجش کی بناء پر ملزموں نے اسلحہ سے مسلح ہو کر سوسائٹی میں آ کر فائرنگ کر کے چار افراد کو ہلاک کر دیا۔ اپنی گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

مزیدخبریں