سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس ( بی ایس ایف ) کے اہلکاروں نے نوجوان کو پیر کی شب ضلع سانبہ کے علاقے رام گڑھ میں شہید کیا۔ بی ایس ایف جموں کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ رام گڑھ میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک کشمیری کو گولی مارکر قتل کر دیاگیا ہے۔ جبکہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں دو کشمیری نوجوانوں مجید خان اور عبیر طارق کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ضلع بانڈی پورہ کے رہنے والے ہیں ان کے خلاف انڈین آرمز ایکٹ اور یو اے پی اے ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن کریری میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب شمالی کشمیر میںچار کشمیری نوجوانوں کو بھارت دشمن سرگرمیوں کے الزام میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے۔ عبدالحمید خان،دانش احمد شاہ ،اسدللہ پرے اورہلال احمد گنائی کو ضلع بانڈی پورہ میں بھارت دشمن سرگرمیوں کی پادائش میں گرفتاری کے بعد جیل منتقل کیا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے جاری مظالم اور فوجی محاصرے کا نوٹس لیں۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پلوامہ، کپواڑہ اور پونچھ کے علاقوں میں حال ہی میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مودی ہندوتوا حکومت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیری نوجوانوں کو قتل اور گرفتار کر رہی ہے تاکہ حق خود ارادیت کی آواز کو خاموش کیا جا سکے۔