نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) 26 جماعتی اتحاد انڈین نیشنل ڈویلپمنٹل انکلوسیو الائنس نے مودی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اپوزیشن گزشتہ دو ہفتے سے مودی سے منی پور میں جاری خانہ جنگی پر لوک سبھا میں بحث کروانے کا مطالبہ کر رہی تھی۔ مودی سرکار حیلے بہانوں سے منی پور فسادات پر پارلیمنٹ میں بحث کروانے سے گریزاں ہے۔ گزشتہ روز راجیہ سبھا کے 50 ارکان کی طرف سے قرارداد پیش کرنے پر مودی سرکار نے اجلاس ہی برخاست کر دیا۔ اجلاس کی غیر آئینی برخاستگی پر اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دے دیا۔ اپوزیشن کو دباؤ میں لانے کیلئے مودی سرکار نے عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ کی رکنیت بھی معطل کر دی۔ گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے منی پور میں خواتین پر جاری انسانیت سوز واقعات کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا۔ اپوزیشن رہنما ملیکارجن کھرگے نے کہا مودی کو ذاتی انا سے بالاتر ہو کر ملک کا سوچنا چاہیے۔ دوسری جانب تحریک عدم اعتماد کا سن کر بوکھلاہٹ کا شکار مودی نے اپوزیشن اتحاد کو ایسٹ انڈیا کمپنی سے تشبیہہ دے دی۔
منی پور فسادات پر پارلیمان میں بحث سے انکار: مودی کیخلاف عدم اعتماد لائیں گے: اپوزیشن
Jul 26, 2023