اتحادی جماعتیں ، اپوزیشن حکومت نہیں معیشت کا سوچیں ، شجاعت

اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے اتحادی جماعتیں،اپوزیشن حکومت کا نہیں معیشت کا سوچیں، معیشت کی بحالی اور مہنگائی کے خاتمے پر توجہ نہ دی تو ملک مزیدمشکلات میں گھر جائیگا ،عام آدمی تکلیف میں ہے، ہمیں اسکی مشکلات کا احساس کرنا ہو گا، مہنگائی کے آگے بندھ نہ باندھا تو الیکشن کرانے میں مشکلات آسکتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک نے انکی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات کی جس میں پارٹی امور ، نگران حکومت کے قیام ، آئندہ انتخابات میں پارٹی حکمت عملی، مختلف سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے  بارے میں مشاورت کی گئی، شجاعت حسین نے بعض اہم امور پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کو ہدایات جاری کیں،مصطفی ملک مسلم لیگ کی صوبائی تنظیموں کی کارکردگی اور پارٹی کے سنٹرل سیکرٹریٹ کے معاملات کے  بارے بھی پارٹی سربراہ کو بریفنگ دی، شجاعت حسین نے پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کی کارکردگی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور انکی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ۔ شجاعت حسین نے کارکنوں پر زور دیا وہ تنظیم سازی کے حوالے سے متحرک کردار ادا کریں اور پارٹی کا پیغام ہر سطح تک پہنچائیں، شجاعت حسین نے مصطفی ملک کو اووسیز مسلم لیگ کے حوالے سے جامع رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی اور مختلف ممالک میں قائم تنظیموں سے رابطہ کرکے انہیں فعال اور متحرک بنانے پر زور دیا۔ملاقات کے بعد مصطفی ملک نے بتایا ابھی تک نگران حکومت کے حوالے سے حکومتی سطح سے مشاورت نہیں، ہم سمجھتے ہیں نگراں حکومت مکمل طور پر غیرجانبدار ،محب وطن افراد اور معاشی ماہرین پر مشتمل ہونی چاہیے ۔

ای پیپر دی نیشن