سروسز ہسپتال ، خراب بیڈز، بدبودار میٹرس، اے سی بند ، مریضوں کا براحال

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلی  محسن نقوی نے  سروسز ہسپتال کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا۔ وارڈز میں خراب بیڈز، بدبودار میٹرس، اے سی بند، مریضوں کا حبس سے برا حال، ناقص صفائی، آپریشن تھیٹرز کی ابترصورتحال اور طبی سہولتوں کا فقدان تھا۔ محسن نقوی سروسز ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر شدید برہم ہوئے۔  اے سی کی دیکھ بھال کے کنٹریکٹر کو 7 ماہ سے ادائیگی نہ ہونے پر ڈائریکٹر فنانس کی سرزنش کی اور فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔ سروسز ہسپتال کی پارکنگ کے حوالے سے اوور چارجنگ کی شکایات پر پارکنگ کا ٹھیکہ منسوخ کرتے ہوئے لاہور پارکنگ کمپنی کو سروسز ہسپتال کی پارکنگ کا انتظام سنبھالنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے پرانے بیڈ اور میٹرس تبدیل کرنے کا حکم دیا اور اے سی کے کنٹریکٹر کوجلد ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وارڈز میں اے سی کو فوری طور پر فنکشنل اور خراب اے سی کو تبدیل کیا جائے۔ محسن نقوی نے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا اور فوری طور پر ماسٹر پلان طلب کرتے ہوئے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کو سروسز ہسپتال کا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔ زیر علاج مریضوں سے  سہولتوں کے بارے پوچھا۔ مریضوں اور تیماردارو ں نے طبی سہولتو ں کے فقدان، صفائی کے ناقص انتظامات اور اے سی کی بندش کے بارے میں شکایات کیں۔ محسن نقوی نے ڈائیلسز یونٹ میں زیر علاج نوجوان طلحہ کا کڈنی ٹرانسپلانٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلحہ کے علاج کی بابت روزانہ کی بنیاد پر مجھے رپورٹ دی جائے۔  مجھے یہ پرانے اور ٹوٹے ہوئے بیڈ آئندہ نظر نہ آئیں، اگلے ہفتے پھر سے وزٹ کروں گا۔ میڈیسن سٹور میں ادویات ہر وقت موجود ہونی چاہئیں۔ محسن نقوی نے میڈیسن سٹور میں ادویات اور انجکشن کیلئے کولنگ کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے سٹور روم کا بھی دورہ کیا۔  انہوں نے کہا کہ لاہور کے مرکز میں واقع سروسز ہسپتال کی حالت دیکھ کر بہت افسوس ہوا۔ میں نے  درجنوں ہسپتالوں کے وزٹ کئے ہیں سب سے بری اور بدترین حالت سروسز ہسپتال کی ہے۔ کسی دشمن کو بھی اس ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں نہ بھیجوں جو حالت ان آپریشن تھیٹرز کی میں نے دیکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں روز آنا پڑا تو روز آئیں گے اور اس ہسپتال کو بہتر بنائیں گے۔ جتنا بھی وقت ہے سروسز ہسپتال کو بہترین ہسپتال بنانے کیلئے صرف کریں گے۔ محسن نقوی کی زیر صدارت  اجلاس میں نقد آور فصلوں کی زیادہ پیداوار اور زراعت کے فروغ کیلئے پائیدار اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فصلوں کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے اعلیٰ معیار کے بیج اور معیاری زرعی ادویات کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا اور سپیشل اکنامک زونز میں زراعت کیلئے خصوصی زون مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے پنجاب میں چنے اور دالوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے قابل عمل پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ دالوں کی پیداوار بڑھا کر ہر سال قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے۔ کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ کسانوں کی خوشحالی اور زراعت کی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ محسن نقوی نے گجرات کے علاقے میں کھلے نالے میں گر کر کمسن بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے حوالے سے رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے فیروز والا میں کوٹ عبدالمالک کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر دی نیشن