لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہورسید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ایس ایس پی آپریشنزمحمد صہیب اشرف، ایس پی سکیورٹی،ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی، ایس پی ہیڈ کوارٹرز،ایس پی اے آرایف، ایس پی ڈولفن اورڈویژنل ایس پیزنے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنزکے دفتری سٹاف سمیت ڈویژنل و سرکل ریڈرزبھی موجودتھے جبکہ تمام ایس ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ سید علی ناصر رضوی نے ون فائیو کی کرائم اگینسٹ پراپرٹی کی کالز پر فی الفور ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آردرج نہ ہونا قابلِ قبول نہیں،کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ آئی جی پنجاب کی واضح ہدایات کی روشنی میں ون فائیو کالز پر مقدمات کافوری اندراج یقینی بنایا جائے۔ محرم ایس اوپیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ خدمت خلق اولین مقصد ہونا چاہئے، ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں۔ ایس پیزاورایس ڈی پی اوزاپنے متعلقہ ڈویژن کے تحفظ سنٹرز اور خدمت مراکز کا دورہ کریں۔خدمت مراکزوتحفظ سنٹرزعوام کوریلیف فراہم کرنے میںبھرپور کردار ادا کریں۔ ہمیں محرم الحرام کے دوران دیگر فرائض بھی لازمی ادا کرنے ہیں۔ غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دیں۔تھانوں کی سکیورٹی و صفائی ستھرائی کے انتظامات ہر وقت مکمل رکھے جائیں۔ اشتہاری و عادی مجرمان کیخلاف جاری مہم مزید تیز کریں۔ شہداء وغازیوں کی ویلفیئر کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔روزانہ کی بنیاد پر جاری سرچ آپریشنز میں مزیدتیزی لائی جائے۔