لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے آسٹریلین ہائی کمیشن کے دو رکنی وفدنے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، آسٹریلین فیڈرل پولیس کے سینئر آفیسر، ڈٹیکٹو سپرنٹنڈنٹ، کونسلر، جوش اوکونر کی قیادت میں آئے دو رکنی وفد میں فیڈرل ایجنٹ انویسٹی گیٹر، مسٹر جیسی وائٹ بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات انفارمیشن شئیرنگ، دو طرفہ تعاون میں اضافہ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے آسٹریلین پولیس آفیسر کو غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی پنجاب پولیس کے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ صوبہ بھر میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے فرائض جانفشانی سے سر انجام دے رہی ہے۔آسٹریلین پولیس وفد کو پولیس تحفظ مراکز کے اغراض و مقاصد اور سروس ڈلیوری بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ پنجاب پولیس انسداد جرائم اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دے رہی ہے۔ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے آسٹریلین پولیس افسران کو پولیس ڈیش بورڈ پر جدید سافٹ وئیرز، ایپلی کیشنز اور مانیٹرنگ سسٹم بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر انویسٹی گیشن میں پنجاب پولیس کی کپیسٹی بلڈنگ کیلئے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا۔ ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آسٹریلین پولیس افسر کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اور اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر بھی موقع پر موجود تھے۔
آئی جی پنجاب سے آسٹریلین ہائی کمشن کے 2رکنی وفدکی ملاقات
Jul 26, 2023