بچی پر تشدد کا واقعہ‘ جنرل ہسپتال میںعلاج کیلئے 12رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل

Jul 26, 2023

لاہور(نیوز رپورٹر)گھریلو تشدد کا شکار ہونے والی سرگودھا سے تعلق رکھنے والی 15سالہ رضوانہ لاہور جنرل ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے جہاں اْس کے تفصیلی علاج معالجے کیلئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے پروفیسر جودت سلیم کی سربراہی میں پروفیسرز/سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل 12رکنی علیٰ سطحی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے جو اس بچی کا طبی معائنہ کرنے کے علاوہ زخموں اور ضربات کا تعین کرے گا اور اس ضمن میں اپنی تفصیلی میڈیکل رپورٹ پیش کرے گا۔منگل کے روز پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے خود بھی مضروبہ کی عیادت کی اور اْن کے لواحقین کو یقین دلایا کہ بچی کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے رضوانہ کے علاج کیلئے 12رکنی بورڈ قائم کر دیا ہے اور وہ ان تمام معاملات کی خود بھی نگرانی کریں گے تاکہ کم سن بچی کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مزید بتایا کہ میڈیکل بورڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچی کے طبی معائنے اور اْس کے علاج سے متعلق سفارشات جلد از جلد پیش کی جائیں۔

مزیدخبریں