لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان نے حمزہ شہباز سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور انہیں مختلف مقدمات میں باعزت بری ہونے پر مبارک دی اور گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ظلم اور زیادتی کی انتہا کر دی ۔ ناجائز کیسز کے ذریعے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو دبانے کی کوشش کی گئی۔ لیکن وہ ثابت قدم رہے اور ہر ظلم و زیادتی کا صبر سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا گزشتہ حکومت کے دور میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے بہت مشکل سے ملک کو سنبھالا دیا اور انشاء اﷲ جلد ملک دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو جائیگا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اور ملک میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔دونوں رہنمائوں نے تعمیر و ترقی اور مسائل کے حوالے سے گفتگو کی اور اہم عوامی اور سیاسی امور پر تبادلہء خیال کیا۔