لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے توہین پارلیمنٹ بل کی منظوری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے اپنی عزت و تکریم کویقینی بنانے کے لئے بل پاس کر لئے جو اچھی بات ہے،اداروں کومعتبر ہی ہونا چاہیے تاہم کوئی ایک بل عوام کی توہین اور تذلیل روکنے کے لئے بھی پاس کر لیا جائے۔ راتوں رات بجلی، پٹرول، ڈیزل، دودھ، دہی، دوائیوں کی قیمتیں بڑھا کر غریب اور مزدور کی آمدن پر نقب زنی کی جاتی ہے اور غریب کو فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور کر کے اس کی توہین کی جاتی ہے اس رویے کو بدلنے کے لئے بھی قانون سازی ہونی چاہیے۔انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا بجلی، گیس، پٹرول، دودھ، دہی کی قیمتیں سالانہ بجٹ میں طے ہوتی تھیں۔