گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزیہ سٹی کے زیر اہتمام جامع مسجد صدیق اکبر دھلے چوک میں تاسیسی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار سے خطاب کرتے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب علامہ عبد الرشید حجازی نے کہاکہ ہمارے اکابرین نے اپنے اموال و املاک کی قربانیاں دیں،وہ آزادی کی قدر جانتے تھے، مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ رانا شفیق خان پسروری نے خطاب میں کہا کہ اکابرین اہلحدیث سے عام کارکن تک نے شعائر اسلام، ناموس رسالت و صحابہ کرام سمیت مساجد و مدارس کے تحفظ کیلئے زندگیاں وقف کی ہوئی ہیں۔ تحریک آزادی ہند میں علمائے اہلحدیث کا کردار ہمیشہ سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔ صوبائی ناظم اعلی علامہ حافظ محمد یونس آزاد نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث نے نوجوانوں کو کسی قسم کی تخریبی سرگرمیوں کا شکار نہیں ہونے دیا۔ سیمینار کی صدارت امیر شہر علامہ پروفیسر سعید کلیروی نے کی، جبکہ بزرگ عالم دین مولانا محمد صادق عتیق، صاحبزادہ حافظ محمد عمران عریف، مولانا محمد ابرار ظہیر، حافظ محمد آصف شیخ نے بھی خطابات کئے۔