بھارتی ریاست میں خواتین پرتشدد اورنسلی فسادات پرامریکا کا اظہار تشویش

 امریکا نے بھارتی ریاست منی پور میں جاری خواتین پر تشدد اور نسلی فسادات پر تشویش کا اظہار کیا ہےواشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے بھارتی ریاست منی پور میں جاری تشدد اور نسلی فسادات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں خواتین پر پر جنسی تشدد شرمناک ہے، منی پور میں خواتین پر حملے کی ویڈیو حیران کن اور صدمے سے بھرپور تھی، ہم متاثرین سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ خواتین کے خلاف ایسا تشدد کسی بھی مہذب معاشرے میں شرمناک ہے، بھارتی حکام عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائیں۔ویدانت پٹیل نے پاک امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ روابط جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے جاری شراکت داری کا اعادہ کیا اور افغانستان میں استحکام سمیت متعدد امور پر بات کی۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری کے ذریعے تعلقات بڑھانے پر بھی بات کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں حکام سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے پریس کی آزادی کے بارے میں اظہار کرتے رہتے ہیں، آزاد پریس اور باخبر شہری کسی بھی قوم کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن