17 دن کی مہمان حکومت نے 51 ارب روپے جاری کردیئے۔شاہ محمود قریشی

Jul 26, 2023 | 11:16

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کے بھی انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات ہیں۔شاہ محمود قریشی نے انسدادِ دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سماعت پر جج نے پراسیکیوشن سے ثبوت سامنے لانے کا کہا تھا، جج صاحب چھٹی پر ہیں، ڈیوٹی جج نے سماعت آگے بڑھا دی۔ شاہ محمود قریشی نے خواجہ آصف کی جانب سے خواتین سے متعلق دیئے گئے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے غیرمناسب الفاظ استعمال کئے، اس طرح کے الفاظ خواجہ آصف کے شایان شان نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بل پر آج کل چرچہ ہورہا ہے جس پر تحفظات ہیں، حکومت کی اتحادی جماعتوں کے بھی انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات ہیں، رضا ربانی نے بھی انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، رضا ربانی نے کہا کہ کیا ہمیں صرف انگوٹھا لگانے کیلئے بلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا اتنی عجلت میں ہونا سمجھ سے باہر ہے، آئین میں نگران حکومت کے تصور کی نفی کی جارہی ہے، اسحاق ڈارکے نام پر ان کی اپنی جماعت نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، شیری رحمان نے کہا کہ ان کا نام ہمارے سامنے نہیں آیا، قائد حزب اختلاف نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملکی معیشت کی صورتحال پوری قوم کے سامنے ہے، بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ، گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ 17 دن کی مہمان حکومت نے 51 ارب روپے جاری کردیئے، الیکشن کمیشن رقم مختص اور جاری کرنے کا نوٹس لے۔

مزیدخبریں