شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایسا نگران وزیراعظم بھی آ سکتا ہے جو سیاسی حلقوں میں ابھی زیر بحث نہ ہو۔اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانا نواز شریف کا فیصلہ ہے تاکہ اپنی من مانی اور دھاندلی کو جاری رکھ سکیں۔ تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ نگران حکومت کے اختیارات کو طاقتور بنانے کیلئے ترمیم الیکشن کی شروعات کو ہی مشکوک بنا رہی ہیں،نگران حکومت کا سیٹ اپ طویل بھی ہوسکتا ہے،سیکشن 203 میں ترمیم آئین اور قانون اور صاف الیکشن کی موت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے ہاتھ ہونے جا رہا ہے اور اتحادیوں میں دال بٹنے والی ہے،عدلیہ بھی اگست کے مہینے میں اہم فیصلے کرے. ستمبر ستمگر ہو گا اور سیاست شدید تنازعات میں بھی الجھ سکتی ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک ہفتے میں آمنے سامنے ہوں گے،بہت ساری امیدیں دھری رہ جائیں گی اور سندھ بھی پیپلز پارٹی کیلئے اتنا آسان نہیں ہو گا۔ الیکشن سے پہلے ایک نیا سیاسی جوڑ توڑ سامنے آئے گا جو اتحادیوں کی سیاست کا نقشہ بدل دے گا،جب اتحادی اپنے اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے تو اتحادیوں میں فاصلے بڑھیں گے اور ان کے ووٹ بھی تقسیم ہوں گے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ ساری سیاسی گانٹھیں کھول دے گا اور آئندہ آنے والی سیاست کا تعین بھی کر دے گا،آنے والے 2 ہفتے سیاست کے اہم ہوں گے اور ساری اکھاڑ پچھاڑ عوام کے سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سارے کھیل میں عوام کو بے خبر رکھا جا رہا ہے جبکہ آخری فیصلہ باشعور عوام ہی کرے گی،وقت ثابت کرے گا کہ عوام کو جاہل سمجھنے والے خود بہت بڑے جاہل تھے۔