کراچی: رکن اسمبلی اسلم ابڑوکی گاڑی پر فائرنگ، بھائی اور بھتیجا جاں بحق

Jul 26, 2023 | 19:34

ویب ڈیسک

کراچی: رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کی گاڑی پر کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں ان کے بھائی اکرم ابڑو اور بھتیجا جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ ڈیفنس فیز 7 میں کی گئی۔افسوسناک سانحے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس، مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں کے رضاکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے. جس  کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے ثبوت و شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔ایس ایس پی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ اکرم ابڑو چار افراد کے ساتھ خیابان شمشیر ڈی ایچ اے میں واقع اپنی رہائش گاہ سے گاڑی میں سوار ہو کر جیکب آباد کے لیے روانہ ہوئے تھے.جب وہ کورنگی کاز وے کے قریب پہنچے تو ان کی گاڑی پر نامعلوم حملہ آوروں نے گھات لگا کر فائرنگ کردی۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد شدید زخمی ہو گئے تھے زخمیوں کو فوری پر طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن 65 سالہ اکرم ابڑو اور 40 سالہ شہریار ابڑو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ زخمی ہونے والے 2 افراد میں 45 سالہ عبداللہ ابڑو اور 40 سالہ ارشاد پنہور شامل ہیں۔ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا. مزید تفتیش کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا جا رہا ہے، کرائم سین یونٹ کی ٹیم کو جاۓ وقوع پر طلب کیا گیا. جائے وقوعہ سے متعلق شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلم ابڑو 2018 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے لیکن 2021 میں سینیٹ انتخابات کے دوران پارٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔


 

مزیدخبریں