پیرس اولمپکس، 32 کھیلوں کے 329 ایونٹس، 90 فیصد کھلاڑیوں کے ڈوپنگ ٹیسٹ مکمل

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پیرس اولمپکس گیمز میں32 کھیلوں کے329 ایونٹس ہوں گے جن میں دنیا بھر سے تقریبا ساڑھے10 ہزار اتھلیٹ شرکت کریں گے۔ پیرس اولمپکس میں شرکت کرنے والے کئی اتھلیٹس نے اولمپک گیمز کے دوران متوقع ہیٹ ویو پر خدشات کا اظہار کیا ہے ، ورلڈ اتھلیٹکس کے صدر سیباسٹین کو نے کہا ہے کہ اولمپک گیمز کے دوران زیادہ درجہ حرارت اتھلیٹس کیلئے نیند میں خلل سے لے کر تناؤ اور زخمی ہونے تک کے خطرات پیدا کر سکتا ہے، اس کے علاوہ گرمی کی شدت عوام کیلئے بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔اتھلیٹس کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے پیرس اولمپکس 2024 کی آرگنائزنگ کمیٹی نے تیاریوںکو مزید تیز کردیا ۔ اہم سہولیات اور مقامات میں مین پریس سنٹر، انٹرنیشنل براڈکاسٹ سنٹر اور اولمپک ولیج شامل ہیں جس میں 14ہزار سے زیادہ افراد کی رہائش رکھی جائیگی جن میں اتھلیٹس، کوچز، معاون عملہ اور اہلکار رہیں گے۔پیرس کے اہم مقامات جیسے کنکورڈ اور ٹروکاڈرو پبلک سکوائرز، انویلائیڈز یادگار اور ایفل ٹاور پر عارضی سہولیات کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے اعلان کیا کہ پیرس اولمپکس میں شامل  تقریبا 90فیصد کھلاڑیوں کا کھیلوں کے انعقاد سے قبل ڈوپنگ ٹیسٹ مکمل کرلیا گیا ۔ رواں برس 32ہزار 600سے زائد کھلاڑیوں کے ڈوپنگ ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جو پچھلے 6ماہ کے مقابلے تقریبا 45فیصد زیادہ ہیں۔جانچ کے نتیجے میں ممکنہ اینٹی ڈوپنگ اصول کی خلاف ورزیوں کے 85سے زیادہ کیسز سامنے آئے، جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں پر پابندی کا امکان ہے۔ پیرس اولمپکس میں شریک کھلاڑیوں میں 75فیصد کے کم از کم 3بار ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن