نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار) قبرستان کی 32کنال اراضی واگزار کروائی جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق شہر میں قبرستان کی 32 کنال اراضی پر بااثر افراد نے کئی سالوں سے قبضہ کر رکھا ہے اس قبرستان کو خالی کروانے کے لئے متعدد بار کوششیں کی گئیں مگر قابضین کی جانب ہر مرتبہ سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے قبضہ برقرار رکھا گیا۔ قبرستان کی اراضی کو واگزار کروانے والے کئی افراد اس دنیا سے کوچ کر گئے مگر حکومتی اداروں کی بے حسی کی وجہ سے قبضہ نہ چھڑوایا جا سکا۔ قبرستان کی اربوں روپے مالیت کی یہ 32 کنال اراضی اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے عقب, ڈی ایس پی کی رہائش اور تھانہ نوشہرہ ورکاں کے سامنے واقع ہے مگر مجال ہے کہ کوئی بھی افسر اس مقبوضہ قبرستان کو خالی کروا دے. یاد رہے کہ اس جگہہ پر جو قبریں موجود تھیں قابضین نے ان کو مسمار کر کے اوپر بلڈنگز بنا لی ہیں۔ شہر میں آبادی بڑھنے کی وجہ سے موجودہ قبرستان میں مزید کوئی جگہ نہیں ہے اس لئے عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے کہ اس اراضی کو خالی کروا کر شہر میں قبرستان کے لئے مختص کیا جائے۔