مانچسٹر ائر پورٹ پر پولیس کا 2 پاکستانی نوجوانوں پر تشدد، سینکڑوں افراد کا مظاہرہ 

مانچسٹر (نوائے وقت رپورٹ) مانچسٹر ائیرپورٹ پر پولیس کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں پر تشدد کے واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ویڈیو میں پولیس افسر کو زمین پر گرے ہوئے شخص کو لات مارتے دیکھا جا سکتاہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق زمین پر گرے شخص کے پاس ایک خاتون بھی بیٹھی تھی جبکہ دیگر پولیس افسران تشدد کا واقعہ دیکھنے والوں کو پیچھے ہٹنے کا کہتے رہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس اچانک قریب بینچ پر بیٹھے شخص پر بھی چڑھ دوڑی اور اس پر بھی تشدد کیا۔ مانچسٹر ائیرپورٹ پر پاکستانی نوجوان پر تشدد کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے مانچسٹر سے برٹش پاکستانی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ پولیس نے شہری پر طاقت کا بے جا استعمال کیا۔ افضل خان نے معاملہ انڈپینڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ کو بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں برطانوی وزیراعظم  سر کیئر سٹارمر کا مانچسٹر ائر پورٹ پر پاکستانی نژاد فیملی پر پولیس تشدد واقعے پر بیان سامنے آ گیا۔ واقعہ پر لوگوں کی تشویش سمجھ سکتا ہوں، میں نے خود بھی ویڈیو دیکھی ہے۔ مانچسٹر پولیس نے تشدد میں ملوث پولیس اہلکار کو معطل کر دیا ہے۔ دوسری طرف مانچسٹر میں پاکستانی نوجوان پر  پولیس تشدد کے خلاف سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا اور  پولیس سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور متاثرین کو انصاف دینے کا مطالبہ کیا۔ میئر ماننچسٹر کا کہنا ہے کہ واقعہ پر عوام میں تشویش ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انڈیپینڈنٹ آفس آف پولیس کنڈکٹ سے رجوع  کیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن