اسلام آباد+کوہاٹ (خبرنگارخصوصی+نامہ نگار) ) بلوچستان کے ضلع ہوشاب میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا 24 جولائی کو سکیورٹی فورسز نے ضلع ہوشاب میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دہشت گرد علی جان کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہو گئے۔بیان میں کہا گیا دہشت گرد علاقے میں بے گناہ شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے جبکہ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، علاقے میں موجود مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ضم شدہ قبائلی ضلع اورکزئی کی تحصیل اپر کے ہیڈ کوارٹر غلجو میں ڈگری کالج کے قریب قائم ایف سی چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار ایوب شہید ہوگیا۔ جوابی فائرنگ سے دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔