اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر خود کو کیس سے الگ کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ گزشتہ روز چیف جسٹس عامرفاروق نے نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ عمران خان کے معاون وکیل انتظار پنجھوتہ نے چیف جسٹس عامر فاروق پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ آپ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ ہماری استدعا ہے کہ آپ عمران خان کا کیس نہ سنیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے یہ کوئی وجہ نہیں، جسٹس عامر فاروق نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دئیے، اس طرح نیا ٹرینڈ شروع ہو جائے گا، ایسے نہیں ہوتا، پورا طریقہ کارموجود ہے۔ اس حوالے سے جسٹس بابر ستار کا فیصلہ موجود ہے۔ بعد ازاں عدالت نے سلمان صفدر کو میرٹ پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔