صدر زرداری کی سالگرہ ،چیئرمین سینیٹ نے  پارلیمنٹیرئنز کے ہمراہ کیک کاٹا

اسلام آباد(خبرنگار)  چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور پارلیمنٹرینز کے ہمراہ  صدر آصف زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور صدر مملکت کے لئے دعا بھی کی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صدر آصف علی زرداری کی 69 ویں سالگرہ پر ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دلی مبارکباد دی ہے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ملک میں جمہوریت کے فروغ اور عوامی فلاح وبہبود کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج ہم یہاں صدر پاکستان آصف علی زرداری کی سالگرہ کی تقریب منانے کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں اس تقریب کا اہتمام سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کی قیادت نے ملک میں جمہوریت کے فروغ، آئین کی پاسداری، خواتین کو با اختیار بنانے اور غریب عوام میں خوشحالی لانے کے لئے نہ صرف انتھک محنت کی ہے بلکہ لازوال قربانیاں بھی دی ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی اپنی آئینی اور عوامی فلاح وبہبود کی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔عدالت نے تسلیم کیا کہ انھیں فری ٹرائل نہیں دیا گیا تھا۔ مجھے بطور وزیراعظم پاکستان بھی غیر قانونی طور پر ہٹایا گیا لیکن ہم جمہوریت اور ملک کی بقاء کے لئے سرگرم رہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے امریکہ میں اپنے خطاب میں اس بات کو دہرایا۔  صدر پاکستان کی سالگرہ کے دن ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے صدر پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔سالگرہ کی تقریب میں سابق وزیراعظم و سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شہادت اعوان، سینٹر پلوشہ محمد زئی خان، چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹرفاروق حامد نائیک، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر حسنہ بانو، سینیٹرعمر فاروق، رکن قومی اسمبلی سحر کامران،سینیٹر سید مسرور احسن، سینیٹر اسلم ابڑودیگر اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹرینز کے ہمراہ صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور صدر مملکت کے لئے دعا بھی کی۔

ای پیپر دی نیشن