اسلام آباد (اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + این این آئی) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،نوجوانوں کو وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ نوجوان آبادی پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ نوجوانوں کو وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو یکساں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تمام تر تربیتی پروگرامز کا محور روزگار کی فراہمی ہونا چاہیے۔ شہبازشریف نے کہاکہ جاب مارکیٹ کا تفصیلی سروے کروا کر اس کے مطابق ترجیحی شعبوں میں اسکل ٹریننگ کا آغاز کیا جائے ۔اجلاس کو پی ایم یوتھ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ پی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت اب تک 6 لاکھ لیپ ٹاپس دیئے جا چکے ہیں ،اس سال نوجوانوں میں میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کئے جائیں گے ۔ پی ایم نیشنل انوویشن ایوارڈ کے تحت 100 اسٹارٹ اپس کو فنڈ کیا گیا ہے، 10 بین الاقوامی معیار کی اسپورٹس اکیڈمیاں اور ایک بائیو مکینیکل لیبارٹری اس سال کام شروع کر دیے گئے ۔ بتایاگیاکہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی 2024 کی تیاری حتمی مراحل میں ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ای سی او ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کے فروغ اور تنظیم کی اصلاحات کے ایجنڈے کے لئے مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ خسرو نوزیری پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے فارغ التحصیل تھے جو کہ پاکستان لئے اعزاز کی بات ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لئے یہ بات بھی باعث فخر ہے کہ ای سی او کے آئندہ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان، پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ رہ چکے ہیں۔ دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سینئر سیاستدان حاجی غلام احمد بلور نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے،پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے۔ ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان اضلاع میں بہتر تعلیم کی فراہمی کے لئے دانش سکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے خیبر پی کے کے قومی و صوبائی اسمبلی ارکان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی معیشت کی بہتری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے شعبے کی اصلاحات سے سالانہ اربوں روپے کی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،منتخب نمائندے بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت کی معاونت کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ کسان کو کم لاگت بجلی میسر ہوگی بلکہ درآمدی ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر کی بچت ہوگی۔
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ہوشاب میں پاک فوج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے کامیابی سے آپریشن کرکے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔پاک فوج کے افسران و جوان ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے پاک کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو افواج پاکستان پر فخر ہے، پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔