کراچی واٹر سپلائی سکیم کا دورہ، تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جائے: چیئرمین واپڈا 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم (کے فور) پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ان سائٹس میں ان ٹیک ورکس، پمپنگ سٹیشنز، پریشرائیزڈ پائپ لائن، پراجیکٹ آفس، پراجیکٹ کالونی اور رابطہ سڑک شامل ہیں۔ جنرل منیجر (پراجیکٹس) ساؤتھ اور پراجیکٹ ڈائریکر عامر مغل نے چیئرمین واپڈا کو منصوبے کے مختلف کنٹریکٹس پر پیش رفت، تعمیراتی کاموں کی تکمیل کیلئے ٹائم لائنز اور اہداف کو حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی۔  بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پراجیکٹ پر مجموعی پیش رفت 46 فیصد ہے جبکہ پراجیکٹ کی تعمیر پر اب تک 59 ارب50 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی پی سی ون لاگت 126 ارب روپے ہے اور پہلے مرحلے کی تکمیل دسمبر 2025ء میں شیڈول ہے، جو درکار فنڈز کی بروقت فراہمی پر منحصر ہے۔ کراچی کے لئے کے فور پراجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لئے تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پراجیکٹ کے لئے درکار بجلی کے نظام اور صارفین تک پانی پہنچانے کے لئے درکار ڈسٹری بیوشن سسٹم کی تکمیل کے لئے متعلقہ فریقین سے مسلسل اور مؤثر رابطہ قائم رکھیں۔ یہ دونوں کام مکمل کرنے کی ذمہ داری بالترتیب سندھ حکومت اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ہے۔ کے فور پراجیکٹ سے کراچی کو کینجھر جھیل سے روزانہ  650 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن