لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ میں عظمیٰ بخاری کی ایڈیٹڈ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر پی ٹی آئی کی فلک جاوید خان کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو درخواست میں ترامیم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے متعلقہ حکام کو درخواست دیں۔ عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو درخواست لینے کی ہدایت کر دی۔ پیکا ایکٹ کے تحت فلک جاوید خان اور دیگر کیخلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے کو درخواست دی، ایف آئی اے نے فلک جاوید خان سمیت دیگر کیخلاف کارروائی نہیں کی۔ استدعا ہے کہ عدالت ایف ائی اے سے کی گئی کارروائی کی رپورٹ طلب کرے، عدالت ملزمہ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے۔ دوسری طرف عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آج انصاف کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں آئی ہوں، میری تصویر ایڈٹ کر کے سوشل میڈیا پر چلائی گئی، نو مئی واقعات کی دو دہشت گرد بہنوں کو بڑی تکلیف ہے، مریم نواز نے خواتین کے تقدس کے لیے اقدامات کیے ہیں، جس کے ساتھ زیادتی ہوئی وزیر اعلی نے ان کو انصاف دلایا، میں بطور وکیل آج چیف جسٹس سے انصاف لینے آئی ہوں، میں بھی قوم کی بیٹی ہوں مجھے بھی انصاف ملے گا؟ یہاں تحریک انصاف کی درخواستیں دائر ہوئیں اور تین منٹ میں لگیں اور انصاف دیا گیا۔