اسلام آباد+ فیصل آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی) ایف آئی اے نے اووربلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ 4 ماہ کے دوران چھاپہ مار ٹیموں کی جانب سے 48137 میٹرز کو چیک کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق چھاپوں کے دوران 827 کنکشنز میں اووربلنگ کا انکشاف ہوا۔ چھاپوں کے نتیجے میں ملوث عناصر کے خلاف 80 انکوائریاں اور 32 مقدمات درج کئے گئے۔ گھروں، سرکاری دفاتر میں اووربلنگ کی مد میں اربوں روپے بجلی کے بلوں میں وصول کئے۔ 4 ماہ کے دوران ملک بھر میں 1 ارب 10 کروڑ سے زائد یونٹس کی اووربلنگ کی گئی۔ اووربلنگ سے عوام اور دیگر سرکاری اداروں کو 40 ارب 80 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ایف آئی اے لاہور زون نے 163 کنکشنز میں 92 کروڑ 70 لاکھ یونٹس کی اووربلنگ پکڑی جس میں مجموعی طور پر 34 ارب 29 کروڑ سے زائد بلوں کی مد میں وصول کئے گئے۔ فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران گزشتہ روز مزید 143بجلی چور پکڑے گئے جن کو 87ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 28لاکھ 48 ہزار سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ فیسکو ٹاسک فورس ٹیم نے پیر محل کے چک 285 گ ب میں صارف حسن علی کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ کر میٹر اتارنے کی کوشش کی تو محمد فہیم وغیرہ نے حملہ آور ہوتے ہوئے چھاپہ مار ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔