اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت اطلاعات و نشریات نے وزارت اطلاعات کے تحت میڈیا کے اداروں کے مستقل سربراہوں کی تقرری کے لیے باقاعدہ عمل شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔ اطلاعات و نشریات کی قائمہ کمیٹی نے وزارت سے کہا کہ وہ اپنے انتظامی کنٹرول میں میڈیا تنظیم کے مستقل باقاعدہ سربراہوں کی تقرری کا عمل فوری طور پر شروع کرے۔ کمیٹی کا موقف تھا کہ اہم ریاستی اداروں کو ایڈہاک ازم کے سپرد کیا گیا ہے جس سے ان کے کام اور کارکردگی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے اداروں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ کے لیے قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات پارلیمنٹ ہاؤس میں ممبر قومی اسمبلی پھلین بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وزارت اطلاعات نے کہا کہ تمام محکموں کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے۔ پی ٹی وی کی تنظیم نو مختلف انتظامی اقدامات کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ ایک سینٹر فار ڈیجیٹل کمیونیکیشن (سی ڈی سی) قائم کیا جا رہا ہے جو سوشل میڈیا پر پبلک سیکٹر کی سرگرمیوں کی تشہیر کے فرائض سرانجام دے گا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید بتایا کہ وزارت نے پرائیوٹ میڈیا اداروں کے وزارت کے زمہ واجب ادا اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جس کی وجہ سے میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی میں آسانی ہوئی ہے۔مسلسل خسارے میں جانے والی شالیمار ریکارڈنگ کمپنی کی نجکاری پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا کی وسیع پیمانے پر موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کو درست طریقے سے پیش کرنے، جعلی خبروں اور ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیجیٹل کمیونیکیشن سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی کے ارکان نے پی ٹی وی کی کارکردگی پر تنقید کی۔ بدانتظامی، غیر منصفانہ ترقیوں اور متضاد مالیاتی فیصلوں کا شکار ہے۔ کمیٹی اراکین نے بیرون ملک تعینات پاکستان پریس افسران کی کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار اور مطالبہ کیا کہ وزارت ان کی کارکردگی کا جائزہ لے۔ پی ٹی وی کی کارکردگی کے بارے میں خصوصی بریفنگ لی جائے گی۔ کمیٹی نے اشتہارات کی پالیسی اور الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر پبلک سیکٹر کے اشتہارات دینے کی بنیاد پر خصوصی بریفنگ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔ کمیٹی نے ریڈیو پاکستان کی نامساعد حالات کے باعث اپنے فرائص بخوبی سرانجام دینے پر انتظامیہ کی تعریف کی۔