اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی چیئرمین عمران خان نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست میں ججز کمیٹی سے استدعا کی گئی ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو میرے، میری اہلخانہ، پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے بارے میں مقدمات کی سماعت کرنے والے بینچ میں شامل نہ کیا جائے۔ درخواست میں چیف جسٹس پر تعصب اور بغض کا الزام عائد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2019ء میں قانونی ماہرین کے مشورے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس بھیجنے کی سفارش کی لیکن میری آئینی ذمہ داری کو اس وقت کے جج اور موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے ذاتی حملہ تصور کیا۔ اس لیے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بینچ میں موجودگی سے مجھے آئین و قانون کے مطابق انصاف ملنے کی امید نہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیف جسٹس میرے، میرے اہلخانہ، پی ٹی آئی اور سنی اتحادکونسل کے مقدمات نہ سنے۔