گڈز ٹرانسپورٹرز کے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام، بکنگ بند، پہیہ جام ہڑتال

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گڈز ٹرانسپورٹرز کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے ساتھ مذاکرات ناکام ملک بھر کے لئے مال بردار کی گڈز اڈوں پر بکنگ بند جبکہ گزشتہ روز فارورڈنگ ایجنسیوں نے پہیہ جام ہڑتال کی۔ دوسری جانب گڈز ٹرانسپوٹرز کے صوبائی و وفاقی تحفظات دور کرنے کے لئے وفاقی وزیر کی صدارت این ایچ اے حکام، آئی جی پنجاب، سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی بیٹھک اسلام آباد میں بیٹھے گی۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن لاہور کے صدر نبیل محمود طارق اور نائب صدر ممتاز علی خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں گڈز ٹرانسپورٹرز قائدین نے شرکت کی اور ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے غیر معینہ مدت تک گڈز ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام رکھنے کی مکمل تائید و تعاون کا یقین دلایا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اربوں روپے سالانہ کا ایڈوانس ٹیکس ادا کرنے والی گڈز ٹرانسپورٹ صنعت اپنے جائز مطالبات کی یقینی منظوری تک حکومت کے کسی لالی پاپ میں اب نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کا بنیادی مقصد لاکھوں لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچانا ہے۔ حکومتی پالیسیز نے فارورڈنگ ایجنسیوں کے کاروبار میں اتنی رکاوٹیں کھڑی کر دیں ہیں کہ کاروبار کرنا مشکل ہو چکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن