اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سیکرٹری جنرل ای سی او خسرو نوزیری نے جمعرات کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ای سی او کے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو ای سی او کے اقدامات اور سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اپنے دور میں ای سی او کو بحال کرنے کے اپنے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ نائب وزیراعظم نے تنظیم کے لیے سیکرٹری جنرل کی خدمات کو سراہا۔ پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان کے اگست میں ای سی او کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر اسد مجید خان اپنے تین سالہ دور میں خسرو نوزیری کے اچھے کام کو جاری رکھیں گے۔