اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پرواز مہم کے تحت یورپین ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور یورپی یونین کے تعاون سے غیر قانونی ہجرت کے نقصانات کے حوالے سے فیصل آباد میں ایک آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پروجیکٹ کوآرڈینیٹر امان اللہ اور تقریب کے ماہر مقرر زین العابدین نے بھی شرکا کی رہنمائی کی۔ انہوں نے شرکا کو غیر قانونی ہجرت کے نقصانات، قانونی طریقوں سے ہجرت کے فوائد، اور پاکستان میں موجود تعلیم اور روزگار کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا، تقریب میں جرمنی میں مقیم پاکستانی ڈائسپورا کے رکن، اللہ دتہ نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے شرکا کو غیر قانونی ہجرت کے خطرات، یورپ میں رہتے ہوئے درپیش مشکلات اور پاکستان میں دستیاب بہتر مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔ اللہ دتہ نے اپنی تقریر میں نوجوانوں کو غیر قانونی طریقوں سے ہجرت کرنے کی بجائے پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔اس پروگرام کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر، امان اللہ نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے لیکن پھر بھی ہر سال ہزاروں افراد یورپ ، امریکہ اور دیگر ممالک جانے کے لیے غیر قانونی راستے اپناتے ہیں اور اپنی زندگی مشکل میں ڈالتے ہیں، زین العابدین نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے اہل خانہ کا سہارا بنا جائے، نہ کہ انہیں بے سہارا کر دیا جائے ۔
غیر قانونی ہجرت کے خطرات پر آگاہی مہم ’’پرواز پاکستان‘‘کا فیصل آباد میں انعقاد
Jul 26, 2024