کھنڈہ (نامہ نگار)پا کستان تحریک انصاف کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 4 جنڈ ملک جمشید الطاف خان نے کہا ہے کہ بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی تکلیف دہ امر ہے اور اس اقدام سے موجودہ حکومت کا گراف نہ صرف گررہا ہے بلکہ عوام میں نفرت بھی بڑھ رہی ہے کیونکہ عام آدمی بجلی گیس کے بل جمع کروائے یا مہنگے داموں آٹا چینی گھی خریدے بچوں کی فیسیں جمع کروانا عوام کے لیے محال ہوچکا ہے ,,نوائے وقت ,,سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ایسے بدترین حالات میں عوام کے لیے سوائے خودکشی کے کوئی چارہ نہیں یہی وجہ ہے کہ جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے بجلی کی قمیت میں فی یونٹ اضافہ غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف دینے کا سلسلہ طوالت اختیار کرتا جارہا ہے ایسا لگتا ہے کہ حکمران جماعت نے دوبارہ عوام میں نہیں آنا عوام سے پہلے روٹی کا نوالہ چھینا گیا اب رہی سہی کسر بجلی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرکے نکال دی گئی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس عوامی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے قرض اتارنے کے لیے مزید قرض لیے جارہے ہیں مہنگائی ختم ہونے کی بجائے کئی سو گنا بڑھ چکی ہے، عوام ان سے تنگ آچکے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب غربت افلاس سے تنگ عوام انہیں اٹھا کر اسمبلیوں سے باہر نکال پھینکیں گے۔
بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی تکلیف دہ امر ہے،ملک جمشید الطاف
Jul 26, 2024