اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، احسن اقبال نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں گذشتہ روز 'ارلی چائلڈ ہوڈ ڈیولپمنٹ سینٹر آف ایکسی لینس'کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی ترقی کی بنیادی سیڑھی تعلیم ہے، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سب سے زیادہ سرمایہ کاری ابتدائی بچپن کی نشوونما اور تعلیم و تربیت پر کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سینٹر پاکستان میں ارلی چائلڈ ہوڈ ڈیولپمنٹ میں ایک کلید کردار ادا کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس طرح کے سینٹر کی ضرورت محسوس ہورہی تھی، آج علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور روپانی فاؤنڈیشن نے مل کر اس مرکز کے قیام کی طرف پہلا قدم اٹھایا جو قابل تحسین ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے تعلیمی ایمرجنسی کی طرح ڈیولپمنٹ ایمرجنسی اور تیزی سے بڑھتی ہوئے آبادی پر قابو پانے کی ایمرجنسی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیں سب مل کر تمام صلاحیتیں قومی ترقی کے اہداف پر لگائیں کیونکہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے، ہم نے مل کر اس ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے کر جانا ہے۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ابتدائی بچپن کی نشوونما، تعلیم و تربیت روشن مستقبل کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ بچپن کے ابتدائی نشوونما کے لئے بچے کی زندگی کے پہلے 6سال بہت اہم ہوتے ہیں، اس عمر میں بچے کی مستقبل کی بنیاد رکھی جاتی ہے اور یہ بنیاد جتنی مضبوط ہوگی بچے کا مستقبل اتنا ہی تابناک ہوگا۔اس تقریب کا اہتمام یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف ورکس اور شعبہ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن نے روپانی فاؤنڈیشن و دیگر پارٹنرز آرگنائزیشنز کے تعاون سے کیا تھا۔سینٹر کے افتتاح سے قبل ڈپٹی ڈائریکٹر ورکس، جنید لیاقت نے سینٹر کے کی تکمیل پر لاگت، سہولتوں اور کمپلیشن پر وفاقی وزیر کو پریذنٹیشن دی تھی۔