اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو سہل بنانے کے اپنے مقصد کے پیش نظر، وزارت خارجہ کے تعاون سے یورپی ممالک میں پاکستان کے سفارتی مشنز اور قونصلر نمائندروں کے لئے آن لائن آگاہی سیشن منعقد کیا جس میں انہیں پاکستان میں کمپنیوں کی رجسٹریشن کے آسان طریق کار بارے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ سیشن میں یورپ میں پاکستان کے ممالک کے 27 مشنز اورقونصل خانوں کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں برسلز ، ہیگ ، ڈبلن ، ایتھنز ، پیرس ، روم ، میڈرڈ ، لزبن ، اسٹاک ہوم ، کوپن ہیگن ، پراگ ، برلن ، ویانا ، وارسا ، صوفیہ ، سرائیوو ، تیونس ، برن ، بڈاپسٹ ، لندن ، منسک ، باکو ، اوسلو ، انقرہ ، بخارسٹ ، ماسکو ، کیف اور بیلگریڈ شامل ہیں ۔ ایس ای سی پی کی ٹیم نے پاکستان میں کمپنی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان کرنے کے لیے کی گئی حالیہ اصلاحات بارے آگاہ کیا ۔