’وہاں روز وارداتیں ہوتی ہیں‘، ہربھجن سنگھ پاکستان کیخلاف زہر اگلنے سے باز نہ آئے

 سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ پاکستان کیخلاف زہر اُگلنے سے باز نہ آئے۔ مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان کیوں جائے؟ پاکستان میں حفاظتی خدشات ہیں، حالات ایسے ہیں کہ تقریباً روزانہ ہی واقعات رونما ہوتے ہیں، تقریباً ہر روز حادثات ہوتے رہتے ہیں، وارداتیں ہوتی ہیں، ہماری ٹیم کیلئے وہاں جانا محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کا موقف بلکل درست ہے، ٹیم کی سکیورٹی سے زیادہ اہم کچھ نہیں۔ ہمارے کھلاڑیوں کی حفاظت میں بی سی سی آئی کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔ دوسری جانب آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025ء کیلئے پاکستان نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے جبکہ بھارتی بورڈ حکومتی اجازت کا بہانہ بناکر ٹیم بھیجنے سے ہچکچارہا ہے۔متعدد بار سیکیورٹی کا بہانہ بناکر بھارت نے 2008ء کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جبکہ پاکستان نے گزشتہ برس ون ڈے ورلڈکپ کیلئے بھی اپنی ہندوستان بھیجی تھی تاہم گرین شرٹس کو ہندو انتہاپسند تنظیموں کی جانب سے حملوں کی دھمکی دی گئی تھی۔ بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے ایشیاکپ کی طرح ہائبرڈ ماڈل پر غور کررہا ہے تاہم پی سی بی نے دوٹوک موقف رکھا کہ ایونٹ میں پورا پاکستان میں ہوگا۔ واضح رہے کہ ایونٹ اگلے برس فروری اور مارچ میں شیڈول ہے تاہم بھارت کی جانب سے ٹیم نہ بھیجنے پر بورڈ کو تحفظات ہیں۔

ای پیپر دی نیشن