پی ٹی آئی کا احتجاج اور جماعت اسلامی کا دھرنا،اسلام آباد میں ریڈ زون سیل،دفعہ 144نافذ

Jul 26, 2024 | 14:52

 وفاقی دارالحکومت اسلا م آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج اور جماعت اسلامی کے دھرنادینے کے اعلان کے بعد حکومت نے اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کر دیا۔ اسلام آباد کے نادرا چوک، سرینا چوک، ایکس پریس چوک پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ سے کسی احتجاج کی اجازت نہیں۔ اہم سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔اسلام آباد کی اہم شاہراہوں سرینا چوک، شاہراہ دستور اور فیض آباد پر کنٹینر لگا کر سڑک بند کردی گئی ہے۔ شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسے جلوسوں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔فیض آباد پل پر اسلام آباد جانے اور آنے والے راستے کو کنٹینرزکھڑے کر کے بند کیاگیا ہے جبکہ راولپنڈی کی سائیڈ پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گی جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے احتجاج سے قبل پنجاب میں 3 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ جی روڈ پر بھی پولیس اور مخصوص مقامات پر سیلنگ کے لیے کنٹینرز موجود ہیں۔ کنٹینرز کو شاہراوں کے اطراف پر پارک رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑھنے پر سیلنگ کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ ضرورت پڑنے پر جی ٹی روڈ کو بھائی خان پل اور مندرہ ٹول پلازہ کے قریب رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کیا جائے گا۔ روات ٹی چوک بھی اسلام آباد پولیس کی جانب سے سیلنگ پوائنٹ متوقع ہے۔اسلام آباد پولیس نے لاہوراور پشاور سے آنے والے راستے موٹر وے کے لنک روڈ پر بھی کنٹینرز لگا دیئے۔ اسلام آباد میں داخلے کیلئے صرف ایک گاڑی کو گزرنے کا راستہ دیا جارہا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں