امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان پی جے کراؤلی نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ میں کہا کہ طالبان سے مذاکرات افغان حکومت کا کام ہے اور پاکستان اورافغان حکام کے درمیان اس معاملے پربات جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کا واضح موقف ہے کہ حقانی نیٹ ورک اورالقاعدہ کے ساتھ روابط نہ رکھنے والے تمام افراد افغانستان کے مستقبل کے لیے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پی جے کراؤلی نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان طالبان سے مذاکرات میں کس حد تک مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ پاک بھارت مذاکرات کے سوال پر ترجمان نے کہا کہ امریکہ پہلے بھی کئی مرتبہ کہہ چکا ہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان مذاکرات نا صرف دونوں ممالک کے اپنے بلکہ خطے کے وسیع ترمفاد میں بھی ہیں۔