کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ملاجلا رجحان رہا،ٹریڈنگ کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس تیرہ ہزار چھ سو پوائنٹس کی سطح سے بھی گرگیا تھا تاہم پی ایس او ، اینگرو فوڈ، لکی سیمنٹ اور فرٹیلائزر سیکٹر میںمحدود تیزی نے انڈیکس کو تیرہ ہزار چھ سو پوائنٹس کی سطح بحال رکھنے میں مدد دی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس چودہ پوائنٹس اضافے کے بعد تیرہ ہزار چھ سو چھپن پوائنٹس پر بند ہوا۔ سرمایہ کار مسلسل مندی کے پیش نظر آج انتہائی محتاط رہے ،کاروبار کے اختتام تک پانچ کروڑ اناسی لاکھ شئیرز کے سودے ہوئے ، ڈی جی خان سیمنٹ ، حب پاور کمپنی اور پاکستان ری انشورنس کمپنی کے شئیرز میں نمایاں سودے ہوئے۔لاہور سٹاک مارکیٹ میں آج مندی رہی ۔ایل ایس پچیس انڈیکس دس پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار چار سو اٹھایئس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں ستاسی کمپنیوں کے چودہ لاکھ انسٹھ ہزار آٹھ سو پچاس حصص کا کاروبار ہوا۔ چودہ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، بائیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ اکیاون کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔