اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم سمیت تمام بڑے ڈیموں کی تعمیر قومی مشاورت اور ہم آہنگی سے کی جائے‘ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے وفاق نے اگر مدد مانگی تو خیبر پی کے مشاورت کے بعد ہی جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر ملکی مفاد میں ہے اور بدقسمتی سے گذشتہ کافی برسوں سے چاروں صوبوں میں اختلافات کا باعث بنا ہوا ہے۔ پنجاب اسمبلی کی جانب سے وفاق کو بھیجی گئی تجویز خوش آئند ہے لیکن اس حوالے سے تمام صوبوں میں مشاورت اور ہم آہنگی پیدا کی جائے تو ملکی مفاد میں کافی بہتر ہے، کالا باغ ڈیم سمیت تمام بڑے ڈیمز کی تعمیر کیلئے چاروں صوبوں میں اتفاق رائے ضروری ہے۔