گکھڑ منڈی +گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) وزیرآباد کے محلہ شیخ لال میں منشیات کے عادی مریض نے نشہ کیلئے پیسے نہ ملنے پر احتجاجاًخود پر چھریوں کے وار کرکے خود کشی کر لی۔ آنکھیں اور شہ رگ زخمی ہو گئی تھیں۔ بکر گلہ کے محلہ شیخ لال کا رہائشی 42سالہ منشیات کا عادی مریض عرفان نے اپنے بھائیوں سے نشہ خریدنے کیلئے پیسے مانگے جو وہ نہ دے سکے۔ جس پر عرفان باورچی خانے سے دو چھریاں اٹھا لایا اور خود پر وار کرنے لگا جس سے اس کی آنکھیں اور شہ رگ زخمی ہو گئیں۔ عرفان کو وزیرآباد ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد پہلے گوجرانوالہ اور پھر لاہور منتقل کر دیا گیا ۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گھریلو پریشانیوں سے اکتائی دوشیزہ نے زہریلی گولیاں کھا کر موت کو گلے لگا لیا۔ نواحی علاقہ کوہلو والہ کی 18 سالہ (الف) کئی دنوں سے گھریلو پریشانیوں میں مبتلا تھی جس نے گزشتہ روز اسی پریشانی کے عالم میں دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ حالت غیر ہوجانے کے باعث (الف) کو ورثاءنے طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر وہ موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔